قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے نیچرل سائنس پینل کی میٹنگ نئی دہلی:آج قومی کونسل برائ
قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے نیچرل سائنس پینل کی میٹنگ
قومی اردو کونسل بچوں کے لیے اہم سائنس موضوعات پر
کتابیں شائع کرے گی
پروفیسر شیخ عقیل احمد
قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے نیچرل سائنس پینل کی میٹنگ
قومی اردو کونسل بچوں کے لیے اہم سائنسی موضوعات پر کتابیں شائع کرے گی :پروفیسر شیخ عقیل احمد
نئی دہلی:آج قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے نیچرل سائنس پینل کی میٹنگ کا انعقاد ہوا،جس کی صدارت جامعہ ملیہ اسلامیہ کی پروفیسر تسنیم فاطمہ نے کی۔ میٹنگ کے آغاز میں کونسل کے ڈائریکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے تمام شرکا کا استقبال کیا۔ افتتاحی خطاب میں انھوں نے کہا کہ کونسل کا مقصد اردو زبان و ادب کے فروغ کے علاوہ دیگر اہم تاریخی،سماجی و سائنسی موضوعات پر بھی اردو زبان میں کتابیں شائع کرنا اور طلبہ و طالبات کو ضروری مواد فراہم کرنا بھی ہے۔ نیچرل سائنس پینل بھی اسی لیے تشکیل دیا گیا ہے تاکہ خصوصاً سائنسی موضوعات پر ضروری اور اہم کتابیں شائع کی جائیں اور طلبا کی تعلیمی ضرورتیں پوری کی جائیں،چنانچہ اب تک کونسل سے سائنسی موضوعات پر درجنوں کتابیں شائع کی جاچکی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ قومی اردو کونسل اس سلسلے میں ماہرین کے مشوروں اور تجاویز کا خیر مقدم کرتی ہے اور طلبا و طالبات کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پابند عہد ہے۔انھوں نے کہا کہ خصوصاً بچوں کو آسان اردو زبان میں کیسے سائنسی مواد فراہم کیا جائے اس سلسلے میں ہمیں ماہرین اور اساتذہ و مصنفین کے زیادہ سے زیادہ تعاون اور تجاویز کی ضرورت ہے۔ آج کی میٹنگ کے دوران گزشتہ میٹنگ کی تجاویز کو بہ اتفاق رائے منظور کیا گیا۔ اس کے علاوہ نیچرل سائنس کے مختلف پہلووں پر کونسل کے زیر اہتمام جاری اشاعتی پروجیکٹس پرغوروخوض کیاگیا اور مختلف سائنسی کتابوں کی تیاری و اشاعت کو منظوری دی گئی۔ اس موقعے پرکورونا کے زمانے میں ویکسین کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے اردو دنیا کو اس کی اہمیت و افادیت سے روشناس کرانے کے لیے ویکسین سے متعلق ضروری معلومات اور اس کے فوائد پر ایک کتاب کی تیاری کا فیصلہ کیا گیا ۔ ساتھ ہی ماحولیات کو درپیش مسائل اور آلودگی کی مختلف شکلوں کو پیش نظر رکھ کر بچوں کے لیےایک اشاعتی منصوبے کو منظوری دی گئی تاکہ انھیں ماحولیات کے تعلق سے بیدار کیا جائے اور بتایا جائے کہ کیا کیا چیزیں ماحولیات کو آلودہ کرتی ہیں،جن سے احتراز کرنے کی ضرورت ہے۔ پروفیسر تسنیم فاطمہ کے اختتامی کلمات کے ساتھ میٹنگ اختتام پذیر ہوئی۔
میٹنگ میں پروفیسر رئیس الدین، ڈاکٹر احمد علی ،پروفیسر اسد خان،پروفیسر سہیل پرویز، ڈاکٹر عزیر عزیز، پروفیسر ایس ایم اے شبلی اور ڈاکٹر رضا رفیق الحق کے علاوہ کونسل سے ڈاکٹر کلیم اللہ(ریسرچ آفیسر)،ذیشان فاطمہ(ریسرچ اسسٹنٹ) وغیرہ نے شرکت کی۔
Comments are closed.