کم از کم اجرت میں اضافہ دہلی کے مزدوروں کو دیوالی کا سب سے حسین تحفہ
دہلی حکومت مہنگائی بھتے پر ہر چھ ماہ بعد نظر ثانی کی ہے تاکہ دہلی کے تمام کارکنوں کو مہنگائی سے نجات مل سکے
دہلی حکومت مہنگائی بھتے پر ہر چھ ماہ بعد نظر ثانی کی ہے تاکہ دہلی کے تمام کارکنوں کو مہنگائی سے نجات مل سکے
ساجد عبید
نئی دہلی :کم از کم اجرت میں اضافہ کر
دہلی حکومت نے اپنے مزدوروں کو دیوالی کا سب سے حسین تحفہ پیش کیا ہے۔یہ اضافہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ملک میں خوردہ افراط زر میں پانچ ماہ کا اضافہ درج کیا گیا ہے اور یہ ستمبر میں 7.41 فیصد تک پہونچ گیا ہے۔ دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے مزدوروں کو یہ خوشخبری دی کہ دہلی حکومت نے غیر ہنر مند کارکنوں، ہنر مند کارکنوں اور نیم ہنر مند کارکنوں کی کم از کم اجرت بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔سسودیا نے کہا کہ کم از کم اجرت میں اضافہ سے اس مہنگائی کے دور میں مزدوروں کو راحت ملے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ دہلی حکومت ملک میں مزدوروں کو ” کم از کم اجرت” سب سے زیادہ ادا کرتی ہے۔
اس قدم سے دہلی حکومت کے تمام شیڈول ملازمت کے زمرے میں آنے والے غیر ہنر مند، نیم ہنر مند، ہنر مند اور دیگر کارکنوں کو فائدہ پہنچے گا۔ اس سے کلرک اور سپروائزر کے عہدوں پر کام کرنے والوں کو بھی فائدہ پہنچے گاکیونکہ کم از کم اجرت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ غیر منظم شعبے میں کم از کم اجرت پر کام کرنے والے لوگوں کو بھی مہنگائی بھتے کے فوائد ملنے چاہییں جو عام طور پر ریاستی اور مرکزی حکومت کے ملازمین کو ملتے ہیں۔سیسوڈیا نے کہاکہ دہلی میں کم از کم اجرت کسی بھی دوسری ریاست کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت مہنگائی بھتے پر ہر چھ ماہ بعد نظر ثانی کی ہے تاکہ دہلی کے تمام کارکنوں کو مہنگائی سے نجات مل سکے۔ اشیائے خوردونوش کی افراط زر ستمبر2022 میں 8.60 فیصد ہو گئی ہے جبکہ اگست 2022 میں یہ 7.62 فیصد تھی۔ سسودیاکے مطابق اشیائے خوردونوش سے منسلک افراط زر سی پی آئی باسکیٹ کا تقریباً نصف حصہ ہے۔
نظر ثانی شدہ کم از کم اجرت کے مطابق غیر ہنر مند کارکن کی اجرت 16,506 روپے سے بڑھ کر 16,792 روپے ،نیم ہنر مند کارکن کی اجرت 18,187 روپے سے بڑھ کر 18,499 روپے،ہنر مند کارکن کی اجرت 20,019 روپے سے بڑھ کر 20,357 روپے،نن میٹرک ملازمین کی اجرت 18,187 روپے سے بڑھ کر 18499 روپے،میٹرک پاس ملازمین کی اجرت 20,019 روپے سے بڑھا کر 20,357 روپے اور گریجویٹ یعنی اعلیٰ تعلیمی قابلیت کے حامل افرادکی اجرت 21,756 روپے سے بڑھ کر 22,146 روپے ہو گئی ہے-
ماہانہ اجرت پر نظر ثانی کا فیصلہ دیوالی سے پہلے آیا ہے اور یکم اکتوبر سے نافذ ہوگا۔ شہری حکومت نے اس سے قبل مئی میں کم از کم اجرت میں اضافہ کیا تھا۔