ایم سی ڈی اسکولوں میں باہر کے لوگوں کے ۔۔ داخلے پر پابندی

6 ستمبر کو جاری حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ اجازت لیکر اندر جانے والے مہمانوں کو بھی اسکول کیمپس کی تصاویر لینے یا ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں ہوگی

6 ستمبر کو جاری حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ اجازت لیکر اندر جانے والے مہمانوں کو بھی اسکول کیمپس کی تصاویر لینے یا ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں ہوگی

ایم سی ڈی اسکولوں میں باہر کے لوگوں کے ۔۔ داخلے پر پابندی

ساجد اوبید

نئی دہلی :دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی)نےاپنے اسکولوں میں باہر کے لوگوں کے داخلے پر پابندی لگادی ہے۔ یہ پابندی عام آدمی پارٹی ایم ایل اے کی جانب سے ایم سی ڈی اسکولوں کی ابتر حالت اجاگر کئے جانے کے بعد نافذ ہوئی ہے ۔اب باہر کے لوگوں کو اسکول کے اندر جانے کے لئے انتظامیہ سےاجازت حاصل کرنی ہو گی۔
اس سلسلے میں 6 ستمبر کو جاری حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ اجازت لیکر اندر جانے والے مہمانوں کو بھی اسکول کیمپس کی تصاویر لینے یا ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
کارپوریشن نے اپنے حکم میں 27 اگست کے ایک واقعے پر روشنی ڈالی ہے ۔جب کچھ سماج دشمن عناصر والدین ہونے کا بہانہ بنا کر سروودیا بال ودیالیہ، نند نگری میں داخل ہوگئے اور ایک اسکول ٹیچر پر حملہ کر دیا جس سے اسکول کے اوقات میں وہ شدید زخمی ہو گئیں۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ 3 ستمبر کو ایم سی ڈی کے متعدد اسکولوں میں بھی اسی طرح کے واقعات پیش آئے تھے۔یہ وہی دن تھا جب اے اے پی کے ترجمان سوربھ بھاردواج سمیت کئی اے اے پی ایم ایل اے شہری ادارے کے زیر انتظام اسکولوں میں داخل ہوئے تھےاور کلاس کے اوقات میں اسکولوں کی بری حالت کو لائیو سٹریم کیاتھا۔
ایم سی ڈی کے ایک سینئر عہدیدار نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ آپ ایم ایل اے کے لائیو اسٹریم کے بعد لیا گیا ہے۔

ایم سی ڈی کے سینئر عہدیدار نے حکم نامے کے بارے میں بیان دیتے ہوئے مزید کہا کہ ہمیں ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن
سے بھی ایک سرکلر موصول ہواہے جس میں 27 اگست کے واقعے کا ذکر کیا گیا ہے اور ہمیں اسکول کی حفاظت کے معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایم سی ڈی کے سینئر عہدیدار نے یہ بھی کہا کہ ہمارے اسکولوں کی حالت بری نہیں ہے اور اے اے پی ایم ایل اے کو کلاس کے دوران خلل نہیں ڈالنا چاہیے تھا

ایم سی ڈی کے سینئر عہدیدار نے کہاکہ آپ کسی اسکول میں داخل نہیں ہوسکتے اور کسی بچے سے اس کے اسکول کی حالت کے بارے میں نہیں پوچھ سکتے اور نہ اس کے جواب کو لائیو اسٹریم کرسکتے ہیں۔ یہ ان کی رازداری میں مداخلت کرتا ہے اور یہ قابل قبول نہیں ہے۔ ایم سی ڈی کے سینئر عہدیدار کے مطابق ایم سی ڈی اسکولوں میں مختلف رکاوٹیں آئی ہیں اور ادارہ کا فیصلہ ڈی او ای سرکلر کے مطابق ہے۔

تاہم اہلکار نے اس سوال پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا کہ ماضی میں شہری ادارے کے زیر انتظام اسکولوں سے مجرمانہ واقعات کی اطلاع کے بعد یہ فیصلہ کیوں نہیں لیا گیا۔
واضح ہو کہ اسکولوں میں گھس کر جرائم کرنے کے واقعات کوئی نئی بات نہیں ہے۔ 30 اپریل کو مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن کے زیر انتظام شمال مشرقی دہلی کے ایک اسکول میں پڑھنے والی دو لڑکیوں کے ساتھ کلاس روم کے اندر جنسی زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔ بعد میں پولیس نے ملزمین کو گرفتار کر لیاتھا۔

Comments are closed.