فنڈ کے لئے کانگریس کی جانب سے ’ڈونیٹ فار دیش‘کے نام سے نئی مہم
صدر ملکارجن کھڑگے کے ذریعہ 18 دسمبر کو دہلی سے اس مہم کا آغاز ہوگا
نئی دہلی : فنڈ کے لئے کانگریس کی جانب سے ’ڈونیٹ فار دیش‘کے نام سے نئی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ ایک کراؤڈ فنڈنگ ہوگی جس کے تعلق سے ہفتہ کے روز کانگریس نے ایک پریس کانفرنس میں تفصیلی جانکاری دی۔ کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور کانگریس خزانچی اجئے ماکن میڈیا کو بتایا کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے ذریعہ 18 دسمبر کو دہلی سے اس مہم کی شروعات ہوگی۔ اجئے ماکن نے کراؤڈ فنڈنگ سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ کانگریس کی معاشی مدد کرنا چاہتے ہیں انھیں ہندوستانی شہری ہونا چاہیے اور ان کی عمر 18 سال سے زیادہ ہونی چاہیے۔ عطیہ دہندگان کو اس کے لیے سرٹیفکیٹ فراہم کیے جانے کی بات بھی اجئے ماکن نے بتائی۔کے سی وینوگوپال نے ’ڈونیٹ فار دیش‘ مہم کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ انڈین نیشنل کانگریس کو اپنی آن لائن کراؤڈ فنڈنگ مہم ’ڈونیٹ فار دیش‘ کا اعلان کرتے ہوئے فخر ہو رہا ہے۔ یہ پیش قدمی 21-1920 میں مہاتما گاندھی کے تاریخی ’تلک سوراج فنڈ‘ سے ترغیب لیتے ہوئے کی گئی ہے۔ مہم کا مقصد ایک بہتر ہندوستان کی تعمیر کے لیے کانگریس پارٹی کو مضبوط کرنا ہے۔ یہ مہم بہتر ہندوستان کے لیے وقف انڈین نیشنل کانگریس کی 138 سالہ سفر کا جشن ہے۔
مہم کے تعلق سے مزید تفصیل بیان کرتے ہوئے وینوگوپال نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے 138 سال پورے ہونے پر پارٹی عوام سے 138 روپے یا اس کا ضرب (مثلاً 138 روپے، 1380 روپے، 13800 روپے، یا زیادہ) عطیہ کرنے کی گزارش کرتی ہے تاکہ کانگریس پارٹی ایک بہتر ہندوستان کی تعمیر کے لیے کام کر سکے۔ کانگریس نے اس آن لائن کراؤڈ فنڈنگ کے لیے دو چینل بنائے ہیں۔ ان میں سے ایک آن لائن پورٹل Donateinc.in ہے اور دوسرا آفیشیل انڈین نیشنل کانگریس ویب سائٹ www.inc.in ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ یہ مہم خاص طور سے کانگریس کے یوم تاسیس 28 دسمبر تک آن لائن ہوگا جس کے بعد زمینی مہم کی شروعات ہوتی۔ اس کے تحت پارٹی سے جڑے کارکنان گھر گھر جائیں گے اور ہر بوتھ میں کم از کم 10 گھروں کو ہدف بنا کر ہر گھر سے کم از کم 138 روپے کا عطیہ یقینی بنائیں گے۔ وینوگوپال نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پارٹی کے ریاستی سطح کے عہدیداروں کو کم از کم 1380 روپے کا عطیہ کرنے کے لیے راغب کیا جائے گا۔ وینوگوپال کا کہنا ہے کہ کانگریس پارٹی کے 138ویں یومِ تاسیس کے موقع پر 28 دسمبر کو ناگپور میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس تاریخی ریلی میں کم از کم 10 لاکھ لوگ شامل ہوں گے۔